نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔
منگل کو ہولکر کرکٹ سٹیڈیم اندور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنائے۔
بھارتی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شبھمان گل نے نے پہلی وکٹ پر 212 رنز کی شراکت قائم کی جو کہ بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
کپتان روہت شرما نے 101 اور شبھمان گل نے 112 رنز بنائے، ہارڈک پانڈیا نے 54 جبکہ ویرات کوہلی نے 36 رنز کی اننگ کھیلی، نیوزی لینڈ کی طرف سے جیکب ڈفی اور بلیئر ٹکنر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 41.2 اوورز میں 295 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ڈیون کونوے نے 100 بالوں پر 138 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے، دیگر بیٹرز میں ہینری نکولس 42، مچل سنٹنر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی طرف سے شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، شاردل ٹھاکر کو میچ اور شبھمان گل کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔