ایس اے 20 : جوہانسبرگ سپر کنگز کا بقیہ میچز کیلئے میتھیو ویڈ سے معاہدہ

Published On 01 February,2023 02:10 am

کیپ ٹاؤن : ( ویب ڈیسک ) ساؤتھ افریقی ٹی 20 لیگ ( ایس اے 20 ) کی فرنچائز جوہانسبرگ سپر کنگز نے لیگ کے بقیہ میچز کیلئے آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر میتھیو ویڈ سے معاہدہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق 36 ٹیسٹ، 97 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے میتھیو ویڈ ایس اے 20 کے بقیہ میچز میں سپر کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کیخلاف میچ میں شاندار اننگ بھی کھیلی تھی۔

قیل ازیں میتھیو ویڈ نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ ( بی بی ایل ) میں ہوبارٹ ہریکینز کی نمائندگی کی ہے اور وہ لیگ کے 17 ویں ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 25.28 کی اوسط اور 131.19 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 307 رنز بنائے ہیں۔

جنوبی افریقی لیگ میں کھیلنے کے بعد ویڈ 13 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے آٹھویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

 

Advertisement