ٹیم کا حصہ بننے کے لئے پرفارمنس دکھانی پڑے گی، چیف سلیکٹر

Published On 31 January,2023 11:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر ہارون رشید کا سابق کپتان شعیب ملک اور فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی سے متعلق بیان سامنے آگیا۔

نجی ٹی وی پر انٹرویو کے دوران چیف سلیکٹر ہارون رشید سے شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ بات ذہن میں رکھ کر دیکھنا ہوگا کہ آیا ایسے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوکر جیت کے لیے سازگار ثابت ہوسکتے ہیں یا نہیں۔

اگر کوئی نوجوان کرکٹر بھی سینئر جیسی کارکردگی پیش کرے گا تو بہت سوچ سمجھ کر دونوں کو منتخب کرنے کے لیے جائزہ لینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ہارون رشید قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بن گئے

ہارون رشید نے کہا کہ فی الحال سب کے لیے آپشن کھلا رکھا ہوا ہے، سلیکشن کمیٹی بن جائے تو ایک پالیسی بناکر منظوری لیں گے، پھر اسی پر عمل درآمد ہوگا۔

محمد عامر سے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے، بعض اوقات ایک بیان بہت زیادہ تنازعات کی وجہ بن جاتا ہے، انہیں اپنی کرکٹ پر توجہ دینا چاہیے۔

سب خود کو اچھا کھلاڑی سمجھتے اور سوچتے ہیں کہ ان کو 11 یا 16 میں شامل ہونا چاہیے مگر سلیکشن مخصوص کنڈیشنز میں ٹیم کی ضرورت پر ہوتی ہے، اگر عامر بھی اچھا کھیلیں تو ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔
 

Advertisement