کراچی: (ویب ڈیسک) پی سی بی کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی نے کہا کہ صرف غیر ملکی کوچ ہی کیوں ضروری ہے،پاکستان میں بھی قابل اور اہل لوگ موجود ہیں۔
پی سی بی کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی جانب سے آن لائن کوچنگ کا تصور سمجھ سے بالاتر ہے، ہر دور میں کپتان کی ذاتی پسند اور ناپسند ہوتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو دوام بخشنے کے لئے گراس روٹ پر کام کرنا ضروری ہوگا،خواہش ہے کہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت فراہم کی جائے،ملک کی بقا اور ترقی کے لیے سخت اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔
پشاور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شاہ آفریدی نے کہا کہ آج اور کل کا دن قوم پر بھاری گزرا،لسبیلہ، کوہاٹ، اور پشاور کے واقعات افسوسناک ہیں،پاکستان میں کامیابی کا دور آنا چاہیے،مستقبل کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے جلد فارم میں واپس آنے کیلئے پر اعتماد ہوں، شاہد آفریدی
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 سے قبل کوئٹہ میں نمائشی میچ کا انعقاد خوش آئند ہے،کامیابی سے مثبت پیغام جائے گا،پاکستان ٹیم کی آن لائن کوچنگ بات سمجھ سے باہر ہے،صرف غیر ملکی کوچ ہی کیوں ضروری ہے،پاکستان میں بھی قابل اور اہل لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داری بہت اہم ہوتی ہے،پشاور زلمی سے دور نہیں ہوا تھا ہر ایک کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم کو آل راؤنڈرزکی ضرورت ہے۔