لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے ریجنل اور ڈسٹرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے 8 رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کے سپرد کی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کی سربراہی میں آٹھ رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 ریجنل اور ڈسٹرکٹ ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ کامران اکمل کے علاوہ نئی تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی میں سہیل تنویر، عامر نذیر، تیمور خان، جنید خان، فیصل اطہر، قیصر عباس اور ثناء اللہ بلوچ شامل ہیں جبکہ ہر سلیکٹر ریجن / ضلع کے ہیڈ کوچ کے ساتھ شیڈول کے مطابق ٹرائلز کا انعقاد کرے گا جس کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔