قومی کرکٹرز کی پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

Published On 31 January,2023 12:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹرز نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق کپتان شعیب ملک نے پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مشکل وقت میں ساتھ رہنا چاہیے۔

سابق کپتان محمد حفیظ نے پشاور مسجد میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لئے دعا اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ہمیں امن کی ضرورت ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پشاور دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہادر قوم ہیں، نہ ہی یہ سانحے ہمارے حوصلے توڑ سکتے ہیں اور نہ ہماری مساجد خالی کرسکتے ہیں، بس دل میں یہی سوال آتا ہے کہ اس کا شکوہ ہم کس سے کریں، اللہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائیں۔

پشاور دھماکے پر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم وطنوں کو درد میں دیکھ کر دل رو رہا ہے، دعا ہے کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوجائیں، یہ سب بند ہونا چاہیے۔

آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں پشاور کے لوگوں کے ساتھ ہیں، یہ بالکل دل دہلانے والے واقعہ ہے، متاثرین کے درد کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
 

 

Advertisement