پشاور دھماکا : امریکا ، سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی جانب سے پرزور مذمت

Published On 31 January,2023 03:14 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پشاور میں دہشتگردی کے المناک واقعہ پر امریکا، سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی جانب سے پرزور مذمت کی گئی ہے۔

پاکستان میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہے ، پشاور میں خود کش حملے میں خون کی ہولی کھیلی گئی، دہشتگردی کے دلخراش واقعہ پر سعودی عرب، امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے پرزور مذمت کی گئی ہے۔

سعودی عرب نے پشاور میں دھماکے پر کہا کہ مملکت ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کیخلاف ہے، سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹویٹ میں واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پشاور مسجد میں حملے کو بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے ہولناک دہشتگرد حملے کی مذمت کی۔

امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونٹی بلنکن اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے بھی پشاور خود کش حملے کی مذمت کی، امریکا نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی قبول نہیں کی جائے گی۔ 

Advertisement