اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے علماء و مشائخ اور پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانیت کا قتل کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔
علما کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور عالم اسلام کے قائدین خود کش حملوں کو حرام قرار دے چکے ہیں، پشاور پولیس کے شہداء اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت کیلئے دعا کرتے ہیں۔
یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، پیر نقیب الرحمان، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمان، علامہ محمد حسین اکبر، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر علامہ عارف واحدی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان لغاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔
اس موقع پرعلامہ افتخار نقوی، مولانا محمد رمضان سیالوی، مفتی عبد الستار، مولانا سید یوسف شاہ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا محمد اسلم صدیقی نے بھی ان کی تائید کی۔
علماء کرام نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور تمام مذاہب کے قائدین دہشت گردی کی ہر طرح سے مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم اور فوج نے مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مل کر ماضی میں بھی شکست دی تھی اور اب بھی پاکستان دشمن عناصر پاکستان کو کمزور کرنے کی جو سازشیں کر رہے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کی عوام، علماء و مشائخ، حکومت، افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
علماء و مشائخ نے کہا کہ پیغام پاکستان تمام مکاتب فکر کے علماء ومشائخ کی طرف سے واضح اور مشترکہ بیانیہ اور فتویٰ ہے اور پیغام پاکستان کے واضح بیانیہ اور فتویٰ کے مطابق پاکستان مسلمانوں کی ریاست ہے اور پاکستان کو کسی بھی صورت طاغوتی یا غیر اسلامی ریاست قرار نہیں دیا جا سکتا۔