پی ایس ایل 8: اتوار کو بڑا فن ڈے، چھٹی کے روز دو تگڑے میچ ہوں گے

Published On 19 February,2023 12:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے، ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے آمنا سامنا ہوگا جبکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اتوار کے روز پہلے میں ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیمیں ملتان سٹیڈیم کے میدان میں دوپہر 2 بجے اتریں گی جس کیلئے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔

سلطانز لگاتار دو فتوحات کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اسی اعزاز کے ساتھ پلیئرز کا مورال ہائی ہے اور ان کی نظریں جیت پر ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ بھی ایک اور کامیابی کی منصوبہ بندی کر چکی ہے۔

اتوار کے دن کا دوسرا ٹاکرا روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہو گا، ایونٹ کا یہ دلچسپ مقابلہ رات 7 بجے شیڈول ہے۔

ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے والے قلندرز کے جذبے بلند ہیں، کراچی میں ڈیرے جمائے قلندرز نے جم کر پریکٹس کی اور ٹریننگ سیشن میں کھل کر کھیلے۔

دوسری جانب کراچی کنگز کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں، ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 3 میچوں میں شکست سے کراچی کنگز کی ٹیم کا مورال ڈاؤن ہے۔

Advertisement