پی ایس ایل : روئے نے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

Published On 09 March,2023 06:16 am

لاہور : ( علی حسن ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر جیسن روئے نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں 145 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی سکورر ہونے کا اعراز حاصل کر لیا۔

پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی، فاتح ٹیم نے 241 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر 2 وکٹوں پر حاصل کیا۔

میچ میں جیسن روئے نے ایک طرف پی ایس ایل کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری بنائی وہیں وہ انفرادی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انگلش کرکٹر نے 44 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے رئیلی روسو نے 43 گیندوں پر جبکہ لاہور قلندرز کے ہیروی بروکس نے 48 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی۔

انگلش کرکٹر مجموعی طور پر 63 گیندوں پر 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 145 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور اپنی شاندار اننگ کی بدولت پی ایس ایل میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے غیر ملکی کرکٹر بھی بن گئے ، انہوں نے گزشتہ سیزن میں لاہور قلندرز کے خلاف 116 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔

گلیڈی ایٹرز کے اوپنر بیٹر نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلی گئی اپنی ریکارڈ ساز اننگ کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے ذہن میں شکست کا کوئی خوف نہیں تھا اور اسی چیز نے مجھے یہ شاندار اننگ کھیلنے میں مدد کی۔

’ پی ایس ایل میں اب تک 17 سنچریاں بن چکیں ‘

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے آٹھ ایڈیشنز میں مجموعی طور پر اب تک 17 سنچریاں بن چکی ہیں۔

کامران اکمل اس فہرست میں تین سنچریوں کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ شرجیل خان اور جیسن روئے نے دو ، دو سنچریاں سکور کی ہیں۔

کولن انگرام ، ڈیلپورٹ، رئیلی روسو ، کرس لین ، عثمان خواجہ ، فخر زمان ، ہیری بروک ، مارٹن گپٹل ، محمد رضوان اور بابر اعظم نے ایک، ایک سنچری سکور کی ہے۔

Advertisement