ون ڈے ورلڈکپ: بھارت گرین شرٹس کو ویزے دینے پر آمادہ

Published On 22 March,2023 11:33 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ون ڈے ورلڈکپ کے لیے بھارت نے پاکستانی کرکٹرز کو ویزے دینے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

آئی سی سی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان ایک برس قبل کردیا جاتا ہے لیکن اس بار بھارتی بورڈ کو اپنی حکومت سے ضروری کلیئرنس درکار ہے، اس میں 2 مسئلے حل طلب ہیں، آئی سی سی اور بھارتی حکومت میں ٹیکس استثنیٰ کا معاملہ ابھی طے ہونا ہے، اس کے ساتھ پاکستانی ٹیم کے بھارتی ویزوں پر بھی پیش رفت ہونا تھی۔

گرین شرٹس 2013 کے بعد سے کسی آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کیلئے بھارت نہیں جاسکے، آئی سی سی کے سہ ماہی اجلاس میں بھارتی بورڈ نے ورلڈ گورننگ باڈی کو پاکستانی دستے کے ویزوں کو اپنی حکومت سے کلیئر کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔

ٹیکس رعایت پر بی سی سی آئی جلد اپنی حکومت کی اصل صورتحال سے متعلق آئی سی سی کو آگاہ کرے گا، بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان 2014 میں میزبانی معاہدہ سائن ہوچکا ہے۔

بھارت کو 3 ایونٹس کی میزبانی سونپی گئی تھی، معاہدے کی رو سے وہ ٹیکس ختم کرانے میں کونسل کی مدد کا پابند ہے، گزشتہ برس آئی سی سی کو مطلع کیا گیا تھا کہ بھارتی حکام ان سے 20 فیصد ٹیکس وصول کریں گے۔

10 ٹیموں کے درمیان شیڈول ایک روزہ کرکٹ کے عالمی میلے کیلیے میزبان بھارتی بورڈ نے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہیں، ایونٹ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ہوگا، احمد آباد کے ساتھ بنگلور، چنئی، دہلی، دھرم شالہ، گوہاٹی، حیدرآباد دکن، کولکتہ، لکھنئو، اندور، راجکوٹ اور ممبئی کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

46 روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، اس میں 3 ناک آؤٹس مقابلے بھی شامل ہیں، بھارتی بورڈ نے ابھی وارم اپ میچز کے لیے 2 یا 3 شہروں کو بھی فائنلائز نہیں کیا جس کا سبب مون سون سیزن کی پیچیدگیاں ہیں۔ 

Advertisement