کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک اپنے کپتان سرفراز کی حمایت میں سامنے آگئے

Published On 05 April,2023 01:52 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے حال ہی میں ختم ہونے والے پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود اپنے کپتان سرفراز احمد کی حمایت کر دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے 2019 کے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور زلمی کو شکست دے کر پی ایس ایل ٹائٹل جیتا تھا لیکن سابق چیمپینزاس کے بعد دوبارہ ٹائٹل کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور بعد کے چار سیزن کے لیے پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز کی مسلسل چار سیزن میں مایوس کن کارکردگی کے نتیجے میں ان کے مداحوں نے فرنچائز کپتان سرفراز کی کارکردگی پر سوال اٹھائے اور ان کی انفرادی کارکردگی پر تنقید کی۔

ایک مقامی تقریب کے موقع پر نجی چینل سے بات کرتے ہوئے فر نچائز کے مالک نے اپنی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی حمایت کی۔

ندیم عمر کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ ایک بات کہتا ہوں کہ سرفراز ہمارا ہیرو ہے اور ہیرو رہے گا، اس نے ہمیں انڈر 19 ورلڈ کپ اور چیمپینز ٹرافی جتوائی، بدقسمتی سے ہم غیر رسمی طور پر ملک کے لیے بہت سی خدمات کے حامل کھلاڑیوں کو چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز بہت اچھے انسان اور کرکٹر ہیں، حال ہی میں اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران خود کو ثابت کیا، ہم اسے لوگوں کی تنقید کی وجہ سے ٹیم سے نہیں نکال سکتے، وہ ہمارا ٹریڈ مارک ہے اور کوئٹہ اسے کبھی نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اگلے پی ایس ایل تک کا وقت ہے، سرفراز کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے، مجھے یقین ہے کہ سرفراز کبھی بھی کوئٹہ کا زوال نہیں چاہیں گے۔

قبل ازیں سرفراز نے گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اپنے مستقبل کے بارے میں بھی کھل کر بات کی تھی اور کہا تھا کہ ان کا ٹیم چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ میرا کوئٹہ سے تعلق گزشتہ آٹھ سال سے ہے لیکن فرنچائز مالک کے ساتھ میرا تعلق بہت پرانا ہے، میرا خیال ہے کہ 2003 یا 2004 سے میں ان کے ساتھ ہوں، میں صرف 17 سال کا تھا جب میں پہلی بار ندیم بھائی کی ٹیم عمر ایسوسی ایٹس کے لیے کھیلا تھا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں پاکستان کلب کے لیے کھیلتا تھا اور ندیم بھائی نے بطور کرکٹر مجھے دیکھا اور سپورٹ کیا، وہ میرے لیے باپ کی طرح ہیں، میں اس وقت تک کوئٹہ نہیں چھوڑوں گا جب تک وہ مجھے نہیں چھوڑیں گے۔

واضح رہے کہ سرفراز 2016 میں پی ایس ایل کے آغاز سے ہی گلیڈی ایٹرز کی قیادت کر رہے ہیں۔