لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے زیر گردش خبریں جعلی نکلیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر سابق فاسٹ باؤلر کی ٹیم میں واپسی کی خبریں زیر گردش تھیں جن پر صارفین کا ملا جلا رد عمل سامنے آرہا تھا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے بھی کہا تھا کہ عامر لیگ کھیل رہا ہے، پرفارم کر رہا ہے، اگر پراسس کے تحت آتا ہے اور جگہ بنتی ہے تو آنا چاہیے لیکن کسی سیٹ پلیئر کی جگہ عامر کو کھلانا غلط ہوگا۔
تاہم فاسٹ باؤلر کی قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) کا مؤقف سامنے آگیا ہے اور بورڈ نے اپنے بیان میں ایسی تمام خبروں کو حقائق کے منافی قرار دے دیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ بورڈ کی سلیکشن پالیسی بالکل واضح ہے اور کسی بھی کھلاڑی کا انتخاب ڈومیسٹک پرفارمنس سے مشروط ہے، جہاں تک محمد عامر کی بات ہے تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔