لاہور : ( ویب ڈیسک ) سوشل میڈیا پر وائرل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کی تصاویر جعلی نکلیں۔
سوشل میڈیا پر سابق امریکی صدر کی گرفتاری کی کئی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جن میں پولیس اہلکاروں کو انہیں گرفتار کرتے اور کئی تصاویر میں سڑک پر ان کے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کی تصاویر دیکھ کر ان کے حامی پریشان ہوئے تاہم ان تصاویر کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے اور امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی تصاویر آرٹیفیشل انٹیلی جنس(اے آئی) کی مدد سے تیار کی گئی ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آئی سافٹ ویئر سے بنی تصاویر میں ٹرمپ کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار اور سابق امریکی صدر کی انگلیوں میں گڑبڑ دکھائی دی جس بات سے اندازہ لگایا گیا یہ تصاویر جعلی ہیں۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 2016 میں فحش فلموں کی اداکارہ کو ایک لاکھ ڈالر کی رقم ادائیگی کی تحقیقات کے نتیجے میں گرفتار کیا جا سکتا ہے اور انہوں نے اپنی گرفتاری کی صورت میں حامیوں کو احتجاج کی کال بھی دی ہوئی ہے۔