لاہور : ( ویب ڈیسک ) کچھ دن پہلے نجی پروڈکشن نے ایک خاتون بشریٰ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستانی گلوکار سجاد علی کی بہن (رشتہ دار) ہیں، خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں تاہم حال ہی میں سجاد علی نے خاتون کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ آج میں ایک فرضی بہن کی جھوٹی خبر کا جواب دوں گا، کچھ دن پہلے کسی نے دعویٰ کیا کہ میری شادی ہو گئی ہے اور اس خبر کے بعد میرے گھر والے مجھ سے ناراض ہو گئے کہ میں نے انہیں اپنی شادی پر کیوں نہیں بلایا، اس کے بعد لاہور کے ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ میرا لاہور میں ایک گھر ہے اور اب اس خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ میری بہن ہے، یہ خاتون نہ میری بہن ہے اور نہ ہی میری کزن ہے۔
سجاد علی نے کہا کہ میں اس خاتون کو جانتا بھی نہیں ہوں، میں جانتا ہوں کہ لوگ کلک بیٹس اور پیسوں کے لیے اس طرح کے کام کرتے ہیں، اگر اسے پیسے کی ضرورت ہوتی تو وہ مانگ سکتی تھی، اسے بہتر مدد مل سکتی تھی، لیکن میں جانتا ہوں کہ کچھ چیزیں مختلف ہیں، ایسا وہ لوگ کرتے ہیں جو کسی کی شہرت یا کامیابی کے بعد اسکے امیج کو داغدار کرنا چاہتے ہیں یا توجہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبر جعلی ہے، میں خاتون پر کیس کر سکتا ہوں لیکن مجھے معلوم ہے کہ یہ غریب خاتون کسی کی رضامندی پر کر رہی ہے، میں اپنے مداحوں سے پیار کرتا ہوں جو اس طرح کے پراپیگنڈوں پر منہ توڑ جواب دینا پسند کرتے ہیں۔