سینئر اداکار محمود اسلم کے انتقال کی خبریں جعلی نکلیں

Published On 23 March,2023 02:39 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار محمود اسلم کے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل خبریں جعلی نکلیں۔

سینئر اداکار نے ایک ویڈیو پیغام میں انتقال کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی کہ ایسی خبروں پر یقین نہ کریں۔

خیال رہے کہ فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر محمود اسلم کے انتقال کی خبریں وائرل تھیں جس کے باعث ان کے مداح پریشانی میں مبتلا ہو گئے تھے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں آپ کے سامنے ہوں اور زندہ سلامت ہوں، تھوڑی دیر پہلے کسی نے سوشل میڈیا پر یہ خبر چلا دی ہے کہ میرا انتقال ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے انتقال کی خبر پھیلانے سے پہلے تصدیق بہت ضروری ہے، میرے گھر والے، دوست احباب اس جھوٹی خبر سے پریشان ہوگئے تھے، جو لوگ انتقال کرجاتے ہیں ان کی خبر آپ ضرور چلائیں تاکہ سب کو پتا چل جائے لیکن جو زندہ لوگ ہیں ان کے لیے تو ایسی خبر نہ جاری کریں۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں میرے لیے دعا کریں اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے لیے بھی دعا کریں کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔

خیال رہے کہ محمود اسلم ایک سینئر پاکستانی ٹیلی ویژن اداکار ہیں، وہ کلاسک ڈرامہ سیریز جیسے کہ اندھیرا اُجالا، پیاس، دن، جنجال پورہ میں نظر آئے ، ان کے دیگر پروجیکٹس میں لنڈا بازار، چھلاوا، اچانک،  لیڈیز پارک اور بلبلے شامل ہیں۔

Advertisement