ہوم سیریز کیلئے ٹیم سلیکشن بابر کی مشاورت سے ہوئی : ہارون رشید

Published On 06 April,2023 02:52 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے کھلاڑیوں کی سلیکشن کپتان بابر اعظم کی مشاورت سے ہوئی ہے اب انہی پر انحصار ہے کہ وہ کس کو کھلاتے ہیں اور کس کو ڈراپ کرتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہمارا کپتان ہے ، انکی کپتانی کے حوالے سے صرف افواہیں رہی ہیں، میں نے تو اس حوالے کبھی بات نہیں کی، ان سے دو تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، کسی کھلاڑی کی سلیکشن پر اختلاف نہیں ہے سب ایک پیج پر ہیں۔

ہارون رشید نے کہا کہ حارث سہیل غیر معمولی لیفٹ ہینڈر بیٹر ہے، وہ ایشین کنڈیشنز میں اچھے ثابت ہو سکتے ہیں، اگر وہ ان فارم اور فٹ رہتے ہیں تو اس سے مڈل آرڈر کو سہارا ملے گا، ان کا اور اعظم خان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کیوں کسی کھلاڑی سے رابطہ کرے گی؟ سب کے لیے دروازے کھلے ہیں، لیگز میں اگر کھیلتے ہیں تو وہاں اچھا کریں اور جگہ بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہر کھلاڑی کہیں بھی بیٹنگ کرسکتا ہے، ہمارے پاس ایشیا کپ سے قبل 8 ون ڈے میچز ہیں جن میں ہمیں بہت کچھ دیکھنا ہے، ہم نے ون ڈے میچز بہت کم کھیلے ہیں،کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کے ٹورز کریں۔