پاک، نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز کی تقریب ٹرافی رونمائی آج ہوگی

Published On 26 April,2023 02:55 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تقریب ٹرافی رونمائی آج ہوگی، پاکستان کے کپتان بابراعظم اور نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم تقریب میں شرکت کریں گے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا آج پریکٹس سیشن بھی شیڈول ہے، دونوں ٹیمیں ایک روزہ سیریز سے قبل آج پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔

دونوں ٹیمیں شام 4 بجے سے 7 بجے تک پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ اس موقع پر ون ڈے سیریز کی تقریب ٹرافی رونمائی کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ایک روزہ میچ 27 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، 30 اپریل کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ون ڈے میچز کے سکواڈ اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 29 اپریل، تیسرا 3 مئی، چوتھا 5 مئی اور پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا، پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور آخری تین میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔