لاہور: (دنیا نیوز) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا ہے کہ پی سی بی انتظامیہ قومی ٹیم میں پھوٹ ڈلوانے کا کام کررہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کپتان بابراعظم اورکھلاڑیوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کررہی ہے، بابراعظم اورکھلاڑیوں کوایک دوسرے سے دورکرنے کی کوشش ہورہی ہے، بابراعظم چاہتا ہے ہرکھلاڑی اپنے وقت پرٹیم کا حصہ بنے، بابرسمجھاتا رہا کہ جو کھلاڑی پرفارمنس دے اسے موقع دینا چاہیے۔
ورلڈ کپ وینیو کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا پاکستان اگر نیوٹرل وینیو کی بات مان لیتا ہے تو یہ پاکستان کے لئے اچھا نہیں، بھارت اگرنہیں آتا اور پاکستان نیوٹرل وینیو کیلئے رضا مند ہو جاتا ہے تو یہ پاکستان کیلئے مناسب نہیں ہے، نیوٹرل وینیو کی روایت پڑ گئی تو ساری عمر بھارت پاکستان نہیں آئیگا اورپاکستان بھارت نہیں جا سکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کمنٹری پینل میں شامل نہ کرنا نجم سیٹھی کی ضد ہے، 2 سے 3 مہینے میں تمام لوگ مجھے انٹرنیشنل کمنٹری میں دیکھیں گے۔