لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے کپتان بابر اعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دئیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں عابد علی کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، بابراعظم میرا جونیئر ہے، ہم اکٹھے کھیلتے تھے، وہ بہت اچھا انسان ہے، بابر ہمیشہ سے آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ تھری پوزیشن پر ہے۔
قومی کپتان پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے عابد علی نے کہا بابر پرتنقید کرنے والے پیارکرتے ہیں کہ وہ رنزکرے، اس پرجتنی تنقید ہوتی ہے وہ اتنا ہی زیادہ پر فارم کرتا ہے، بابراعظم پاکستان کی تاریخ کا بہترین پلیئر ہے، وہ کرکٹ کا بادشاہ ہے، میں بابرکوکنگ کہتا ہوں۔
قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے مجھے کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے، فرسٹ کلاس سیزن میں پرفارم کرکے دکھا دیا، تین سینچریزاورایک اننگز میں ڈیڑھ سو سکور بنائے، پاکستان کوجب بھی میری ضرورت ہوئی حاضرہوں۔
یاد رہے دسمبر 2021 میں عابد علی عارضہ قلب میں مبتلا ہو گئے تھے، انہیں یو بی ایل گراؤنڈ پر سینٹرل پنجاب ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے دوران میچ سینے اور بائیں کندھے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔