عمران خان نے بابراعظم کو ’’ شاندار بلےباز‘‘ قرار دیدیا

Published On 23 April,2023 11:27 am

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈی آل راؤنڈر عمران خان نے کپتان بابراعظم کو ’’شاندار بلےباز‘‘ قرار دیدیا۔

مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان عمران خان نے کہا کہ طویل عرصے بعد بابراعظم کے روپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوئی بلےباز دیکھا جس نے اپنی کارکردگی سے دنیا کو متوجہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم کئی سابق کرکٹرز کے ریکارڈ کو پاش پاش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، میں بلے باز کا تجزیہ باؤلر کی عینک سے کرتا ہوں، ایک کرکٹر میں تکنیک، سٹروک پلے اور متحمل مزاج کا ہونا بہت ضروری ہے جو بابراعظم میں پایا جاتا ہے۔

گزشتہ سال نومبر میں عمران خان نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اس وقت کے چیئرمین احسان مانی سے کہا تھا کہ وہ انہیں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کریں جبکہ بابر کو اکتوبر 2019 میں سرفراز احمد کی جگہ کپتان مقرر کیا تھا۔