فخر کے ناقابل شکست 180 رنز، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

Published On 29 April,2023 07:33 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کیوی کپتان ٹام لیتھم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کے بیٹرز ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طرف وکٹیں بچانے میں کامیاب رہے تو دوسری جانب مسلسل رنز کی رفتار بڑھاتے رہے، کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 129 رنز بنائے جبکہ کپتان ٹام لیتھم 98 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں چیڈ بوز نے 51، وِل ینگ نے 19 جبکہ جیمز نیشام نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ اور احسان اللہ ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

دوسری اننگز میں پاکستان کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کی مسلسل دوسری سنچری بنا ڈالی، فخر زمان نے 144 گیندوں پر 6 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 180 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم 65 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ محمد رضوان نے 54، امام الحق نے 24 اور عبداللہ شفیق نے 7 رنز کی اننگز کھیلی، شاہینوں نے مقررہ ہدف 49ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، اش سودھی اور ہینری شپلے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کی پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔