پاکستان، نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز کے بقیہ 3 میچز کی میزبانی کراچی کرے گا

Published On 30 April,2023 02:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے بقیہ 3 میچز کی میزبانی کراچی کرے گا جس کیلئے نیشنل سٹیڈیم میں تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے 3 میچز کراچی میں شیڈول ہیں، یہ سیریز ایشیا کپ اور ورلڈکپ سے پہلے بابر الیون کے کڑے امتحان کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

کراچی میں نیٹ میچز کیلئے 3 پچز پر کام مکمل ہونے کو ہے، نیٹ پریکٹس کیلئے بھی پچ تیاری کے مراحل میں داخل ہوچکی جبکہ نیٹ آؤٹ فیلڈ کو بھی خوبصورت بنانے کا کام جاری ہے۔

نیشنل سٹیڈیم میں مہمان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے جوکہ اب تک یہاں ہونے والے 5 میں سے 3 میچز میں فتوحات سمیٹ چکی ہے جبکہ دو میچز میں پاکستان کو فتح ملی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 5 میچز کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے برتری حاصل ہے، نیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری تین میچز 3، 5 اور 7 مئی کو کھیلے جائیں گے۔