لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے خود پر تنقید کیے جانے کے بعد اپنے بیان پر وضاحت پیش کر دی۔
پنڈی میں دوسرے ون ڈے میچ میں فخر زمان نے شاندار سنچری سکور کی جس کی بدولت پاکستان کو 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی، فخر کی اس کارکردگی پر تجزیہ کرتے ہوئے ثنا میر نے کہا کہ فخر زمان ہمیشہ ٹیم کیلئے رنز کرتے ہیں۔
ثنا میر کی یہ ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’ہم آف ائیر بھی یہ بات کر رہے تھے کہ فخر زمان ہمیشہ ٹیم کیلئے رنز کرتے ہیں، اگر وہ سنچری سکور کرتے ہیں تو ان کا سٹرائیک ریٹ 100 نہیں بلکہ 125 کا ہوتا ہے جو 350 کے قریب کا ہدف حاصل کرنے میں کافی اہم ہوتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ وہ (فخر) اس ٹیم کیلئے کافی اہمیت رکھتے ہیں، کیوں کہ جہاں ہمارے پاس پہلے ہی ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو run a ball کھیلتے ہیں لہٰذا 300 سے زائد کا ہدف حاصل کرنے میں فخر کا کردار کافی اہم ہوجاتا ہے۔‘
ثنا میر نے اپنے تجزیے میں کسی کا نام نہیں لیا تاہم بابر اعظم کے فینز سیخ پا ہوگئے اور اپنے طور پر ہی یہ سوچ لیا کہ ثنا کا اشارہ بابر اعظم کی طرف تھا۔
ثنا میر کی وضاحت:
پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ثنا نے کہا میں نے 8 سال تک پاکستانی ٹیم کی قیادت کی اور ٹیمیں اس طرح بنتی ہیں کہ آپ کو مکس اینڈ میچ کرنا پڑتا ہے، ایک ٹیم میں 11 شاہد آفریدی، 11 فخر زمان یا 11 بابر اعظم کا ہونا ممکن نہیں ۔
Importance of impact player s big knock in a big chase. Watch full video to understand the importance of both players like Babar Azam and Fakhar Zaman. pic.twitter.com/zCns6wK9xO
— Sana Mir ثناء میر (@mir_sana05) May 1, 2023
انہوں نے کہا آپ کو توازن قائم کرنا ہوتا ہے جہاں ایک کھلاڑی کریز پر جما رہتا ہے وہیں دوسرا ہدف کو مکمل کرنے کے لیے رسک لیتا ہے، اس لیے میں ہمیشہ اس بات کی اہمیت پر زور دیتی ہوں کہ 350 رنز کے تعاقب میں 100 کے سٹرائیک ریٹ سے اوپر کھیلتے ہوئے سنچری سکور کرنے والے کھلاڑی کی اہمیت ہوتی ہے ۔
ثنا نے کہا دونوں پلیئرز کی ٹیم میں اہمیت ہے، لوگ بلا وجہ کوئی بھی بات کا مطلب نکال کے کسی بھی کھلاڑی کو ٹیگ کردیتے ہیں یا اس کے نام سے منسلک کردیتے ہیں، ماشاءاللہ بابر نے اپنے سٹرائیک ریٹ کو بہتر بنایا ہے ۔