لاہور: (ویب ڈیسک) محمد رضوان کو چوتھی پوزیشن کیلئے ’بیسٹ‘ قرار دیا جانے لگا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اگرچہ دونوں فتوحات میں سنچری میکر فخر زمان کا اہم کردار تھا تاہم محمد رضوان نے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔
انہوں نے ان دونوں مقابلوں میں پانچویں نمبر پر بیٹٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فنش لائن عبور کرنے میں مدد دی، پہلے میچ میں انہوں نے 34 بالز پر 42 رنز سکور کیے جبکہ دوسرے مقابلے میں بھی اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 41 گیندوں پر 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اس شاندار پرفارمنس کے باوجود ون ڈے میں محمد رضوان کو بیٹنگ آرڈر میں چوتھے نمبر کیلئے بہترین قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی انہیں ایک نمبر اوپر کھلانے کا مشورہ دیا ہے، انہوں نے دوسرے ون ڈے میں ٹیم کی کامیابی کے بعد ٹویٹ کیا کہ محمد رضوان چوتھے نمبر کیلئے بہترین بیٹر ہیں، اس کے ساتھ راشد لطیف نے یکے بعد دیگر سنچریاں بنانے پر فخر زمان اور کیوی کرکٹر مچل کی بھی ستائش کی، انہوں نے کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔
Best batter at No. 4 Mohammad Rizwan #PAKvNZ excellent batting back to back centuries by Fakhar and Mitchell, congratulations Congratulations Team Pakistan. pic.twitter.com/xyOWq18eLy
— Rashid Latif | (@iRashidLatif68) April 29, 2023
یاد رہے کہ محمد رضوان کا چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کے دوران ریکارڈ بھی کافی متاثر کن ہے، انہوں نے اس نمبر پر کھیلتے ہوئے 20 اننگز میں 43.64 کی اوسط سے 742 رنز سکور کیے ہیں، اس دوران 30 سالہ رضوان نے 2 سنچریاں اور 5 ففٹیز بھی بنا رکھی ہیں۔