کراچی : ( ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کہا ہے کہ کیویز کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں سنچری نہ کرنے کا افسوس ہے لیکن مجموعی طور پر پاکستان کے جیتنے کی خوشی ہے، میری یہی خواہش ہے کہ ٹیم کی جیت میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔
کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے قومی اوپنر نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میچز میں ہم اچھی فیلڈنگ نہیں کررہے تھے، آج ہم نے اچھی فیلڈنگ کی اور اس میں مزید بہتری لانی ہے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے جب کھیلتے ہیں تو پریشر تو ہوتا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کے ہونے سے ٹیم میں مقابلہ بڑھ جاتا ہے، اب ہم دونوں اوپنرز100کے سٹرائیک ریٹ سے اوپر کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور بابر اعظم کے ساتھ کھیلنا تھوڑا مختلف ہے، بابر بہت بولتا ہے جبکہ فخر زمان خاموش رہتا ہے، بابر سے اچھی دوستی ہے لیکن فخر کے ساتھ بھی مزہ آتا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری مڈل اوورز کی باؤلنگ کمزور ہے، ہمارے سپنرز وکٹ نہیں لے پارہے ، ہمیں سپن ڈپارٹمنٹ میں بہتری لانی پڑے گی۔
Imam-ul-Haq s press conference following the third ODI in Karachi.#PAKvNZ | #CricketMubarak https://t.co/2EUldjZ2VA
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 3, 2023
خیال رہے کہ پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے اور امام الحق نے 90 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔