لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اکیڈمی جانے کیلئے بس کا کرایہ بھی نہیں ہوتا تھا، پیدل جایا کرتا تھا اور کبھی بس میں رش کی وجہ سے کرایہ نہ دے کر بچائے پیسوں سے سموسے کھا لیا کرتا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے یوٹیوب چینل پر قومی کپتان بابر اعظم کا انٹرویو شیئر کیا گیا ہے جس میں بابر اعظم کو اپنے کرکٹ کے سفر کے دوران پیش آنے والے اتار چڑھاؤ پر بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوران انٹرویو بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جس دن قومی ٹیم کیلئے باضابطہ طور پر کھیلنے کی کال آئی اس دن مجھ سمیت میری فیملی بے حد خوش تھے، بطور پاکستانی پلیئر سٹیڈیم میں جب پہلی بار میچ کھیلنے آیا تب بھی مجھے کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز یاد آگیا تھا وہ آغاز جب میں بال پِکر بن کر سٹیڈیم میں آتا تھا۔
قومی کپتان نے کہا کہ آج جو کچھ بھی ہوں اس کے پیچھے سخت محنت اور جدوجہد ہے، کرکٹ کے سفر کے دوران صبح صبح اکیڈمی پہنچ جاتا تھا اور پھر شام کو واپس آتا تھا، اس وقت اکیڈمی جانے کیلئے بس کا کرایہ بھی نہیں ہوتا تھا، کبھی پیدل چلا جاتا تھا اور کبھی واپسی پر جگاڑ لگا لیا کرتا تھا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ واپسی پر بس میں کبھی کبھی بہت رش ہوتا تھا تو بچ بچا کر بس کا کرایہ بچا لیتا تھا اور پھر ان پیسوں سے اپنے علاقے میں سموسے کھا لیتا تھا۔