کراچی: (دنیا نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ کیلئے سری لنکا کو موزوں قرار دے دیا، بھارت چاہتا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں۔
ایشین کرکٹ کونسل کی ابتدائی میٹنگ میں یو اے ای وینیو کو مسترد کرنے کی بات چیت ہوئی جبکہ بھارت پاکستان کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر انکاری ہے، بھارت نے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم نہ کیا تو ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت بھی مشکوک ہو جائے گی۔
ادھر اے سی سی پاکستان کے بغیر ایشیا کپ کی تیاریوں کیلئے دیگر بورڈز کے ساتھ اجلاس کر رہا ہے، ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے تاہم بھارت پاکستان کے بغیر دیگر ایشیائی ممبر بورڈ کے ساتھ پلان بی پر بھی کام کر رہا ہے۔
آئی سی سی کا وفد پاکستان میں پی سی بی کو منانے لاہور آیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کبھی بھی ہمارے میچز نیوٹرل وینیو پر نہیں رکھے گا، حکومت نے اجازت دی تو ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائیں گے۔