لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں ایشیاکپ اور چیمپئینز ٹرافی 2025 کے انعقاد کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلیٰ عہدیداروں نے سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائس نے سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا اور کیمروں سے سرویلنس کا معائنہ کیا، پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد کامران خان نے ایشیاکپ کیلئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
پی سی بی حکام کی جانب سے آئی سی سی وفد کو پاکستان دورہ کرنے والی ٹیموں کو دی جانے والی سکیورٹی کی ویڈیوز دکھائی گئیں اور ائیرپورٹ، اسٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور پولیس فورس کے انتظامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بورڈ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کھیلنے پر رضامند
آئی سی سی وفد کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک بارے بتایا گیا ، چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے نے شہر بھر میں نصب کیمروں سے روٹس کو مانیٹر کیا اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 30, 2023
چیئرمین آئی سی سی نے کہا کہ سیف سٹی لاہور کا انفراسٹرکچر دنیا کے بہترین سسٹمز میں سے ہے ، پاکستان انٹرنیشنل سیریز اور ٹورنامنٹ کیلئے پرامن ملک ہے، امید کرتے ہیں مستقبل میں پاکستان بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔