آئی سی سی چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کا دو روزہ دورہ اختتام پذیر

Published On 02 June,2023 05:57 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کا دو روزہ دورہ پاکستان اختتام پذیر ہو گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گریگ بارکلے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا، اس دورے میں آئی سی سی عہدیداران نے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور بورڈ کے دیگر حکام سے ملاقات کی جس میں کرکٹ کی ترقی اور اسے مزید فروغ دینے سے متعلق مشترکہ معاملات پر گفتگو ہوئی۔

گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ، ان کی سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کیا جائے اور دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جارہے ہیں کیونکہ ہر ملک اپنے سائز، معیشت اور کرکٹ کی درجہ بندی کے اعتبار سے دوسرے سے مختلف ہے۔

انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں۔ اب چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی مرد اور خواتین کرکٹ کو اگلے درجے پر دیکھیں گے اور کمرشل نقطہ نظر سے بھی اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔