ہینڈنگلے : ( ویب ڈیسک ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان انگلش ٹیم 237 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لیڈز میں جاری تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلش ٹیم آسٹریلوی کپتان و فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز کے وار نہ سہہ سکی اور پہلی اننگ میں 237 رنز بناکر آوٹ ہوگئی، انگلش کپتان بین سٹوکس ہی اکیلے آسٹریلیا کے سامنے مزاحمت کرسکے، انہوں نے 80 رنز کی اننگ کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 91 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے اپنی دوسری اننگ میں چار وکٹوں کے نقصان پر 116رنز بنائے، عثمان خواجہ 43 اور لیبوشین 33 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ میچ میں مہمان آسٹریلوی ٹیم کو 142 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ پانچ میچز پر مشتمل ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف دو ، صفر کی برتری حاصل ہے۔