ہینڈنگلے : ( ویب ڈیسک ) انگلش ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے پاس آسٹریلیا کیخلاف جاری ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ جیتنے کا اچھا موقع ہے۔
تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ دوسرا دن بہت اچھی طرح سے ختم ہوا اور ہم اب بھی جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔
معین نے کہا کہ کپتان سٹوکس اور کوچ برینڈن میک کولم نے ٹیم کو اعتماد دیا ہے کہ وہ کسی بھی ٹوٹل کا تعاقب کرسکتی ہے۔
سٹوکس اور میک کولم کے عہدہ سنبھالنے کے بعد انگلینڈ نے کامیابی سے 378، 299، 296 اور 277 کے چیلنجنگ ہدف کا تعاقب کیا ہے جبکہ انگلش ٹیم 2019 میں ہیڈنگلے میں آسٹریلیا ہی کے خلاف 359 رنز کا ہدف بھی حاصل کر چکی ہے۔
معین نے مزید کہا کہ ہمیں جو بھی ہدف ملے گا اس کے تعاقب کی کوشش کرنی ہوگی، یہ اب بھی ایک اچھی وکٹ ہے، میں سکور کے بارے میں نہیں جانتا لیکن ہم 260 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
واضح رہے کہ ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان آسٹریلوی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 142 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔