سری لنکا گال میں ڈھیر، پہلا ٹیسٹ میچ شاہینوں کے نام

Published On 20 July,2023 09:24 am

گال: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آخری روز

گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے 48 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا، تاہم کپتان بابراعظم جلد وکٹ گنوا بیٹھے اور پربھات جےسوریا کا شکار بنے جبکہ سعود شکیل کو رمیش مینڈس نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 8، شان مسعود 7، بابراعظم 24، سعود شکیل 30، نعمان علی صفر پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ سرفرار احمد بھی صرف ایک رن بنانے میں کامیاب ہوئے، امام الحق نے 50 رنز ناٹ آؤٹ کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ آغا سلمان نے کریز پر آتے ہی پہلی گیند پر چھکا لگا کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پربھارت جےسوریا نے 4 جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھا روز

131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 16 رنز کے سکور پر عبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گیارہویں اوور میں شان مسعود نے 7 رنز بنا کر جے سوریا کو کیچ تھما دیا، نائٹ واچ مین کے طور پر آنے والے نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے 38 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئے۔

امام الحق 45 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 25 رنز اور بابر اعظم 9 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا نے 2 وکٹیں لیں۔

گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 14 رنز کے مجموعی سکور سے کیا، تاہم کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 20، کوشل مینڈس 18، اینجیلو میتھیوز 7، نیشان مدھشکا 52، دنیش چندیمل 28، سمارا وکرما 11 جبکہ رمیش مینڈس 42 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کا شکار بنے، پراباتھ جے سوریا 10 رنز اور کاسون راجیتھا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرا روز

پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 221 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا، 278 کے مجموعی اسکور پر آغا سلمان 83 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے سعود شکیل کے ساتھ ملکر 177 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔

دیگر کھلاڑیوں میں نعمان علی 25، شاہین شاہ آفریدی 9، نسیم شاہ 6 اور ابرار احمد 10 رنز بناسکے جبکہ سعود شکیل 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5، پربھات جےسوریا نے 3 جبکہ وشوا فرنینڈو اور کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

دوسرے روز سری لنکن باؤلرز کے سامنے پاکستان کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور صرف 101 کے مجموعی سکور پر آدھی ٹیم آؤٹ ہو گئی، تاہم سعود شکیل اور آغا سلمان نے آکر بیٹنگ کو سنبھالا اور نصف سنچریاں سکور کر کے گرین شرٹس کو کم بیک کروایا۔

دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے سکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان نے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا، امام الحق ایک، عبداللہ شفیق 19، کپتان بابراعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے، صرف شان مسعود قدرے بہتر سکور 39 رنز کرنے میں کامیاب رہے۔

پہلا روز

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف گال ٹیسٹ میچ میں کھانے کے وقفے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنالیے۔

پہلے ٹیسٹ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم اوپنر نیشان مدھشکا 6 کے مجموعی سکور پر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 29، کوشل مینڈس 12 جبکہ دنیش چندیمل ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سابق کپتان اینجیلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 131 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا تاہم میتھیوز 64 رنز بناکر ابرار احمد کا شکار بنے۔

سری لنکا نے مجموعی طور پر پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے جبکہ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25 ۔2023 میں قومی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے جبکہ دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہو گا۔