کولمبو: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی لنکن پریمئیر لیگ میں انجری کا شکار ہوگئے۔
لنکن پریمئیر لیگ (ایل پی ایل) میں ڈمبولا اورا کی نمائندگی کرنے والے قومی پیسر حسن علی بدقسمتی سے گال ٹائٹنز کے خلاف پلے آف میچ کے دوران انگلی کی انجری کا شکار ہوئے، جس کے بعد انکی ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر حسن علی نے مداحوں کو انجری کی اطلاع دیتے ہوئے تصدیق کی کہ میچ کے دوران لگنے والی چوٹ کے بعد انکی سرجری ہوئی ہے۔
— Hassan Ali (@RealHa55an) August 18, 2023
انہوں نے لکھا کہ ٹورنامنٹ کا اختتام میرے لیے اچھے انداز میں نہیں ہوا تاہم میں ایونٹ کے کچھ بہترین لمحات کو یاد کرنا چاہوں گا جبکہ مجھے فوری طبی امداد فراہم کرنے پر ٹیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ حسن علی نے فینز سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی درخواست بھی کی۔