پہلا ون ڈے: پاکستان نے افغانستان کو آؤٹ کلاس کردیا، 142 رنز سے فتح

Published On 22 August,2023 06:36 pm

ہمبنٹوٹا: (دنیا نیوز) پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دیدی۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی آل ٹیم 19.2 اوورز میں مخص 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5 ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم 48 ویں اوور کی پہلی گیند پرہی 201 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی، امام الحق 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں ہونیوالی پاک افغان ون ڈے سریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم میچ شروع ہوتے ہیں پاکستان کو زبردست جھٹکا لگا، فخر زمان نے ابھی 4 ہی گیندوں کا سامنا کیا تھا کہ 2 سکور بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند کا شکار ہوگئے۔

کپتان بابر اعظم کریز پر آئے تو وہ بھی زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور محض 3 گیندوں کا سامنا کر کے بغیر کوئی رنز بنائے ہی آؤٹ ہو گئے۔

کپتان بابر اعظم کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹیم کے مجموعی سکور میں تھوڑا اضافہ کیا تاہم وہ بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، محمد رضوان 22 گیندوں پر 21 رنز بنا کر چلتے بنے،شاداب خان نے 39 اور افتخار احمد نے 30 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن نے 4 جبکہ محمد نبی اور راشد خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں، فضل حق فاروقی اور رحمت شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔