لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ میرا تمام کھلاڑیوں کو ہمیشہ یہی پیغام رہا ہے کہ خود پر یقین رکھیں اور میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔
کپتان بابراعظم نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام کھلاڑی ایک یونٹ کی حیثیت سے ایک دوسرے کے ساتھ بہت انجوائے کر رہے ہیں، ٹیم میں چند نئے چہرے ہیں جن کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ وہ چیلنجز میں پورا اتریں گے۔
بیشتر لڑکے مختلف لیگس کھیلتے آئے ہیں لیکن جب آپ پاکستان کا اسٹار پہنتے ہیں تو مختلف جذبات ہوتے ہیں، میں بحیثیت کپتان آنے والی کرکٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں اور سری لنکا کے خلاف سیریز کی جیت سے ہمارا مومینٹم بنا ہوا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 21, 2023
پاکستان کا حالیہ ون ڈے ریکارڈ دیگر تمام ٹیموں سے اچھا رہا ہے، 2022 کے آغاز سے اب تک اس نے 17 میں سے 13 ون ڈے انٹرنیشنل جیتے ہیں، اس سال مئی میں اس نے آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلی مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ ہماری تیاریوں پر ہے کیونکہ ہمیں آنے والے دنوں میں دو بڑے ایونٹس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنے ہیں، بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم 26 میں سے 17 ون ڈے جیت چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ افغانستان کے خلاف سیریز پر فوکس کیے ہوئے ہیں، بڑے ایونٹس سے قبل اس طرح کی سیریز سے فائدہ ہوتا ہے چونکہ ہم ایشین کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں لہٰذا ہمیں ردھم حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ہمیں برتری حاصل رہے گی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 21, 2023
بابراعظم کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں چند اچھے کھلاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے، فہیم اشرف ان آؤٹ ہوتے رہے ہیں لیکن انہوں نے حالیہ دنوں میں اچھا پرفارم کیا ہے یقیناً آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم کو استحکام ملے گا۔