کولمبو:(ویب ڈیسک) سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ڈریسنگ روم میں ساتھی کرکٹرز سے خطاب کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
کپتان بابراعظم نے ڈریسنگ روم میں ساتھی کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے، کسی ایک کی وجہ سے نہیں، پوری ٹیم کی کوشش سے کامیابی ملی ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ سیفی بھائی، آپ کھیلنا چاہتے تھے مگر آپ کی صحت ہمارے لئے اہم تھی، سرفراز آپ کی یہی بات اچھی ہے کہ آپ ہمت نہیں ہارتے ہیں۔
بابراعظم نے مزید کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نومی بھائی، ویل بولڈ! جیسی آپ نے بولنگ کی، ایسا ہی ہمیں چاہیے تھا، شاہین اور نسیم نے بھی زبردست بولنگ کی، نئے بال سے زیادہ جو پرانے گیند سے بولنگ کی وہ زبردست رہی۔
We fight together, we win together
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 27, 2023
Our captain @babarazam258 rallies the team after a brilliant performance in Sri Lanka #SLvPAK pic.twitter.com/LebeOmPspG
کپتان نے یہ بھی کہا کہ یہ سب کچھ ہم نے کیا، آئندہ بھی ہم ہی کریں گے، ہمیں کسی ایک پر انحصار نہیں کرنا، سب کو مل کر کر کے دکھانا ہے، یہ نہیں سوچنا کہ دوسرا کر دے گا، خود سے کہنا ہے کہ ہم کریں گے، ہم نے جیسی کرکٹ کھیلی ہے، ہم پوری سیریز میں چھائے رہے اور جو ہم نے سری لنکا میں کیا ہے، ہم نے ایسا ہی کرتے رہنا ہے۔
بابراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سری لنکا میں اس سے پہلے ان کے سپنرز کو کسی نے ایسے نہیں کھیلا، سعود اور عبداللہ نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہر وقت ایک جیسا نہیں ہوتا، کبھی جو سوچتے ہیں، ویسا نہیں ہو پاتا، شان مسعود نے اپنی محنت اور اپنا اعتماد نہیں چھوڑا، برے وقت سے نکلنا ہر پلیئر کو آتا ہے، سمارٹ کرکٹر وہی ہے جو اس سے جلد نکلتا ہے۔