کولمبو: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے، جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم اور مینجمنٹ کو جاتا ہے۔
پوسٹ سیریز ریویو میں بابر اعظم نے کہا کہ سب نے گزشتہ ساڑھے 3 ماہ میں بہت محنت کی ہے، کوچز نے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا اور کھلاڑیوں نے بھی انفرادی طور محنت کی، سری لنکا آنے سے قبل کھلاڑیوں نے یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق محنت کی، ہم سیریز کے لیے تیار ہو کر آئے تھے۔
بابر اعظم نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پہلی اننگز میں ابرار احمد نے اچھی بولنگ کی جبکہ عبدااللہ شفیق کی غیر معمولی بیٹنگ رہی، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، عبداللہ شفیق نے بہت محنت کی جبکہ سمان علی آغا بالکل مختلف انداز میں کھیلے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 28, 2023
قومی ٹیم کے کپتان نے بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بولنگ میں ہماری کوشش تھی کہ رائٹ ایریاز میں بولنگ کریں، دوسرے ٹیسٹ میں نعمان علی کے اسپیل نے کھیل کا رخ بدل دیا جبکہ نسیم شاہ کے اسپیل کی وجہ سے بھی سری لنکا پر دباؤ پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم ہر دن کے ساتھ خود کو بہتر کر رہی ہے، اوے سیریز کی مشکل کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کریں تو اس سے بہت اعتماد ملتا ہے، سعود شکیل، سلمان علی آغا اور عبداللہ شفیق جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو خود پر یقین بڑھا کہ وہ کر سکتے ہیں، کھلاڑی چیلنجنگ کنڈیشنز میں پرفارم کر کے دکھا رہے ہیں۔