براڈ کی ریٹائرمنٹ: شاندار کیریئر پر بابر، مصباح کی مبارکباد

Published On 01 August,2023 10:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر سٹورٹ براڈ کو ریٹائرمنٹ پر شاندار کیریئر پر مبارکباد دی۔

بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’’ہیپی ریٹائرمنٹ براڈ‘‘ کا پیغام دیا۔

بابر اعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سٹورٹ براڈ آپ نے پرجوش انداز سے کھیل کو اعزاز بخشا، آپ نے ہمیشہ کھیل میں بھرپور صلاحیت کے ساتھ سخت محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ کیریئر میں 600 سے زائد وکٹیں حاصل کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے، کرکٹ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

دوسری جانب پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر سٹورٹ براڈ کو شاندار کیریئر پر مبارکباد دی۔

مصباح الحق کا ایشز سیریز سے متعلق کہنا تھا کہ آخری وکٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ناقابل فراموش ہے، شاندار ایشز سیریز کے لیے انگلینڈ اور آسٹریلیا قابل ستائش ہیں۔