کولمبو: (ویب ڈیسک) لنکن پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے میچ میں بابراعظم نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی 10 ویں ٹی ٹوئنٹی سنچری بنالی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کولمبو اسٹرائیکرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے 189 رنز کے تعاقب میں میچ وننگ سنچری بناکر گال ٹائٹنز کو سات وکٹوں سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 59 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز شاندار کھیلی۔
— LPL - Lanka Premier League (@LPLT20) August 7, 2023
بابر اعظم نے اپنی اننگز کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے ہی اوور میں کاسن راجیتھا کو لگاتار تین چوکے لگائے۔ انہوں نے اپنی نصف سنچری 34 گیندوں پر مکمل کی جو مختصر ترین فارمیٹ میں ان کی 87 ویں ففٹی تھی جبکہ صرف 57 گیندوں پر انہوں نے 100 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔
واضح رہے کہ مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ 22 سنچریوں کے ساتھ صرف کرس گیل ہی بابراعظم سے اوپر ہیں جبکہ ویرات کوہلی 8 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔