کولمبو: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں، جیت کے مومینٹیم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کا مورال ہائی ہے کوشش ہو گی بھارت کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔
سری لنکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم پچھلے اڑھائی ماہ سے یہاں موجود ہیں، ہم نے افغانستان کیخلاف سیریز کھیلی اور کچھ کھلاڑیوں نے لنکا پریمیئر لیگ میں بھی حصہ لیا، اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ یہاں کی کنڈیشز کے حوالے سے کافی چیزیں معلوم ہیں اور میرے خیال میں کینڈی کی وکٹ کافی اچھی ہے، ماضی پر فوکس نہیں کر رہے، اپنی طرف سے بہترین کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انتظار ختم: ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گے
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا ہے کہ لڑکے بہت پرجوش ہیں، سب جانتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کافی دلچسپ ہوتا ہے اور فینز بھی اس میچ کیلئے منتظر ہوتے ہیں، ہم انشاء اللہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے اور ہم کوشش کریں گے، نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں، سب لڑکے فارم میں ہیں اور انشاء اللہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
بابر اعظم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر وہی رہے گا، ہمارے مڈل آرڈر میں جو مسائل تھے وہ کافی بہتر ہو چکے ہیں، مڈل آرڈر محنت کر رہا ہے، افتخار احمد، شاداب خان اور آغا سلمان نے بہت اچھا رسپانس دیا ہے، کوشش یہی ہے کہ جو ہماری بیسٹ الیون ہو اسی کو لے کر چلیں، قومی ٹیم پراعتماد ہے اور ایشیا کپ میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کیخلاف پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ جتنا میں نے سری لنکا میں دو مہینوں میں کھیلا ہے یہاں بارش کا کوئی پتا نہیں لگتا، کبھی کبھار ریڈار پر بارش ہوتی ہے لیکن پڑتی نہیں، اس چیز پر میں یقین نہیں رکھتا اس لئے آج دیکھیں گے۔