کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا میں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے میچ کولمبو سے منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز سے سری لنکا میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ایشیا کپ کے میچ بھی متاثر ہورہے ہیں۔
گز شتہ روز پالی کیلے میں کھیلا گیا پاکستان اور بھارت کا میچ بھی شدید بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوپایا تھا اور بے نتیجہ ہی ختم کردیا گیا تھا۔
ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے میچ کولمبو میں کھیلے جانے ہیں مگر مون سون سیزن کی وجہ سے دمبولا، پالی کیلے اور کولمبو پچھلے پانچ روز سے تیز بارش کی زد میں ہیں اور ماہرین موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئیاں کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور نائب صدر کل پاکستان آئیں گے
کسی حد تک یہ امید تھی کہ کم از کم کولمبو میں بارشوں کا سلسلہ تھم جائے گا اور یہاں صورتحال میچز کے لیے موزوں ہوگی مگر لنکن دارالحکومت میں برستی تیز بارش اب ایشین کرکٹ کونسل کو اپنے فیصلے پر نظرثانی پر مجبور کررہی ہے۔
کولمبو میں ایشیا کپ کے سلسلے کا پہلا میچ 9 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور اے سی سی شہر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میچز کی منتقلی کے حوالے سے اے سی سی کی جانب سے ایک یا دو روز میں فیصلہ کیے جانے کی توقع ہے۔