لاہور: (دنیا نیوز) ایشیاکپ کے چھٹے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے افغانستان کو 2 رنز سے شکست دیکر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 292 رنز کا ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 289 بنا کر آؤٹ ہوگئی، شکست کے بعد افغانستان کی ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہوگئی جبکہ سری لنکا نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
افغان ٹیم شاندار بیٹنگ کے باوجود صرف 3 رنز کے فرق سے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی نہ کرسکی، محمد نبی نے 65 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
— Sri Lanka Cricket (@OfficialSLC) September 5, 2023
قبل ازیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے ایشیا کپ چھٹے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کے کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔
سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کوشل مینڈس 92 رنز بنا کر نمایاں رہے ، افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، راشد خان نے 2، مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ آخری گیند تک ہم نے کوشش کی، ہرمیچ سے ہم سیکھ رہے ہیں ، شائقین نے ہمیں بہت سپورٹ کیا، سپر فور مرحلے میں کوالیفائی نہ کرنے پر اپنے فینز سے معافی چاہتا ہوں۔