لاہور: (ویب ڈیسک) شاہین شاہ آفریدی بھارتی بیٹرز کے اعصاب پر سوار ہیں جب کہ بھارتی ٹیم نے خصوصی انڈور پریکٹس میں بائیں ہاتھ کے تھرو باؤلر نوان سنیوی رتنے کی خدمات حاصل کر لیں۔
کولمبو کے افق پر مسلسل بادل منڈلا رہے ہیں، دوسری جانب ٹیمیں اس امید پر پلاننگ کررہی ہیں کہ ایشیا کپ میں اتوار کو شیڈول سپر 4 مرحلے کے پاک بھارت مقابلے میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل جائے گا، نئی گیند سے حریفوں کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کرنے کے عادی شاہین شاہ آفریدی بھارتی ٹیم کے اعصاب پر سوار ہیں۔
بارش کی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں نے انڈور پریکٹس کی، بیٹرز کی توجہ اس بات پر مرکوز رہی کہ لیفٹ آرم پیسر کے کاری وار کس طرح برداشت کرنا ہیں، بہتر تیاری کیلئے بائیں ہاتھ سے تھرو باؤلنگ کے سپیشلسٹ نوان سنیوی رتنے کی خدمات حاصل کر لی گئی تھیں، انہوں نے ایک ایسا آلہ بھی استعمال کیا جو ان اور آؤٹ سوئنگ کی نشاندی کرتا رہا، ڈیٹا اینالسٹ ہری پرساد موہن مسلسل ویڈیوز بناتے رہے، انہوں نے فٹ ورک پر توجہ دیتے ہوئے ایک ایک حرکت نوٹ کی اور غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے۔
شبمن گل نے سب سے طویل سیشن کیا، شریاس آئر نے ایک گھنٹے سے زائد وقت پریکٹس کی، انجری سے نجات کے بعد کم بیک کیلئے کوشاں کے ایل راہول نے بھی خوب پسینہ بہایا، انہوں نے خصوصی طور پر تھرو باؤلر کو کم فاصلے سے گیندیں کرنے کیلئے کہا تاکہ پاکستانی پیسرز کا سامنا کرتے ہوئے دشواری نہ ہو۔
یاد رہے کہ اس سیشن کیلئے ٹیم مینجمنٹ نے تمام کھلاڑیوں کو انڈور نیٹ میں نہیں بلایا تھا، ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور خصوصی ٹریننگ کو دیکھنے کے بجائے الگ نیٹس میں آل راؤنڈرز اور ٹیل اینڈرز کی پریکٹس کو جانچتے رہے۔