لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ عروہ حسین نے کہا کہ ایشیاکپ 2023 کے تمام میچز پاکستان میں نہ ہونے کی وجہ بھارتی سیاست ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایشیاکپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ عروہ حسین کا کہنا تھا کہ بھارت کی سیاست اتنی گھٹیا ہو گئی ہے کہ پاکستان میں اپنی ٹیم کو کھیلنے نہیں دے رہی جس سے ان کی اپنی ٹیم کا نقصان ہو رہا ہے۔
عروہ حسین کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم صحیح طریقے سے نہیں کھیل رہی اس لیے بھارت بارش کے باعث میچز متاثر ہونے سے مطمئن ہے جو کہ عالمی سپورٹس سپرٹ کے خلاف ہے۔
بھارت کا 2 ستمبر کو پاکستان کے ساتھ ہونے والا اہم میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں میں ایک، ایک پوائنٹ تقسیم کردیا گیا تھا، اس کے علاوہ 4 ستمبر کو ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت اور نیپال کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا، اس میچ میں بھارت کو ڈک ورتھ لوئس سٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس) کے تحت فاتح قرار دیا گیا تھا اور وہ سپر فور مرحلے میں داخل ہو گیا۔
پاکستان رواں سال ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا میزبان ہے تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم نے میچز کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ سے 13 میں سے صرف 4 میچز پاکستان میں کھیلے جار ہے جبکہ باقی سری لنکا میں ہورہے ہیں۔