ایشیاکپ: صرف پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے پر بنگلادیش اور سری لنکا نالاں

Published On 09 September,2023 09:54 am

کولمبو: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں صرف اتوار کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے بارش کی صورت میں ریزرو ڈے (اضافی دن) رکھنے پر بنگلادیش اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچز نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سری لنکا کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ اور بنگلا دیش کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورو سنگھا ایشیا کپ میں صرف بھارت اور پاکستان کے سپر فور مرحلے کے میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھنے کے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے بالکل خوش نہیں ہیں۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایشیا کپ کی ٹیکنیکل کمیٹی ایونٹ میں شریک تمام ممالک کی نمائندگی کرتی ہے، یہ فیصلہ کسی اور وجہ سے کیا گیا ہوگا۔

بنگلادیشی کوچ نے کہا ہے کہ ہم سے اس فیصلے کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ہم بھی چاہیں گے کہ بارش کی صورت میں ہمیں بھی ریزرو ڈے ملے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ ایشین کرکٹ کونسل پہلے ہی فیصلہ کرچکا ہے، ہاں اگر وہ ہم سے اس حوالے سے کوئی مشاورت کرتے تو ہم اپنی رائے ضرور دیتے۔

دوسری جانب سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچ سلور ووڈ نے کہا کہ جب انہیں صرف پاک بھارت میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھنے کے فیصلے کے بارے میں بتایا گیا تو وہ حیران ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ریزرو ڈے سے پاکستان یا بھارت میں سے کسی ایک کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ میں 10 ستمبر کو ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوتا تو یہ میچ 11 ستمبر کو جاری رہے گا، میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں پر روکا گیا ہوگا۔