لاہور: (ویب ڈیسک) فخر زمان کو موقع دینے کیلئے محمد رضوان کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کو تیار ہیں۔
کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ فخر زمان آئی سی سی پلیئر آف منتھ رہ چکے ہیں، 3 یا 4 اننگز میں ناکامی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں یہ باتیں سن رہا ہوں کہ وہ فارم میں نہیں ہیں، حالانکہ فخر مختلف انداز میں آؤٹ ہو رہے ہیں، اگر ایک ہی طرح وکٹ گنواتے تو ہم فارم کی بات کرسکتے تھے، امید ہے کہ ہمیں اوپنرز تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اگر مینجمنٹ ایسا کوئی فیصلہ کرتی ہے تو میں کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کیلئے تیار ہوں۔
محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم کو ورلڈ نمبر ون بنانے میں فاسٹ باؤلرز کا بڑا ہاتھ ہے، پیسرز تمام ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں، موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں مگر بھارت سے میچ کی تیاری اور محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف بھارت اور پاکستان نہیں میں دنیا کے تمام کھلاڑیوں کی بات کر رہا ہوں، ہم جب بھی ملیں کارکردگی کی بات کرتے ہیں، گراؤنڈ میں ماحول مختلف ہوتا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ بھارت کیخلاف گزشتہ میچ میں ہدف اتنا آسان بھی نہیں تھا، جاوید میانداد کا مجھے چھپا رستم کہنا بڑا معنی رکھتا ہے، میں ایسی باتوں سے متحرک رہتا ہوں۔