لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے بھارتی ویزوں کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خط کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، خط میں اپنے تحفظات اور خدشات کا بھی اظہار کیا ہے، پی سی بی نے ہوسٹ ممبرز ایگریمنٹ کی یاد دہانی بھی کرائی ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ تین سال سے اسی ایشو کے حوالے سے بار بار کہا گیا، پاکستان کے تحفظات پر کسی قسم کا دھیان نہیں دیا گیا، آج صورت حال یہ ہےکہ تاحال پاکستانی سکواڈ کو بھارت کے ویزے جاری نہیں ہوئے۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے رویہ مایوس کن رہا ہے، اس عمل کی وجہ سے آج غیر یقینی کی صورتحال ہے، قومی سکواڈ نے دبئی میں دو روز قیام کرنا تھا، ویزے بروقت نہ ملنےکی وجہ دبئی میں دو روز رکنےکا پلان اپ سیٹ ہوا، گزرتے وقت کے ساتھ غیر یقینی کی صورت حال بڑھتی جا رہی ہے جو کہ پریشان کن ہے۔
پی سی بی کے مطابق جب بھی رابطہ کیا گیا تو کہا گیا کہ 24 گھنٹوں میں ویزے آجائیں گے، افسوس ہےکہ اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور ویزوں کا اجراء نہیں ہو سکا۔