حیدرآباد دکن: (ویب ڈیسک) ورلڈکپ ٹور پر بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ رات حیدر آباد دکن کے معروف ریسٹورنٹ میں عشائیہ کیا جس کا مینیو اور تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔
قومی ٹیم کے آرام کے دن پر ٹیم منیجمنٹ نے حیدرآباد دکن کے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھانے کا فیصلہ کیا جہاں قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، ڈنر کے ساتھ قومی سکواڈ کے اراکین نے روایتی پان بھی کھایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ سٹاف اور ویٹرز کے ساتھ تصاویر بنوائیں، کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ میں آئے عام لوگوں کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 30, 2023
عشائیے کے حوالے سے پی سی بی کے میڈیا منیجر احسن افتخار ناگی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے حیدر آباد دکن کی مختلف ڈشز کے حوالے سے بتایا۔
— Ahsan Iftikhar Nagi (@ahsannagi) September 30, 2023
احسن افتخار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ دوسری تصویر خوبانی کا میٹھا جبکہ تیسری تصویر پیاز کی کھیر ہے، باقی تصاویر میں پان اور میٹھے کی دیگر ڈشز دیکھی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ شیڈولڈ ہے جبکہ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔