دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بلے بازوں میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 898 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ اوپنر امام الحق 728 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹی پوزیشن پر چلے گئے۔
رینکنگ میں بھارتی ٹیم کے بلے باز شبمن گل رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے امام الحق سے پانچویں پوزیشن چھین لی، قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دو درجہ ترقی کے بعد 632 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ بھارت کے محمد سراج اور آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ کے پوائنٹس برابر ، محمد سراج 669 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جوش ہیزل ووڈ دوسرے نمبر پر ہیں۔